اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ریفرنس پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر کی جانب سے فائل کیا گیا، جسے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سینیٹر عون عباس نے سیکرٹری سینیٹ میں جمع کرایا۔ ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا متفقہ فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے تمام ارکان کو تحریری ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں، تاہم سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی فیصلے کے برخلاف ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔
ریفرنس کے متن کے مطابق سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے 10 اور 15 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ کے دوران آئینی ترمیم کی حمایت کی۔ پارٹی کی جانب سے اس اقدام پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، مگر تاحال ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت فلور کراسنگ کے زمرے میں آتی ہے، جس کے باعث سینیٹر سیف اللہ ابڑو پارٹی سے انحراف کے مرتکب ہو چکے ہیں۔
ریفرنس میں استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کو جلد از جلد الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوا کر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






