راولپنڈی میں حیران کن واقعہ، زندہ بچے کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری

راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال میں ایک حیران کن اور تشویشناک واقعہ پیش آیا، جہاں ڈاکٹرز نے ایک نومولود بچے کو مردہ قرار دے کر اس کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کر دیا، حالانکہ بچہ زندہ تھا۔

والدین کے مطابق بچے کی پیدائش گزشتہ روز ہوئی تھی اور اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ ڈاکٹرز نے نہ صرف ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا بلکہ دستاویزات میں میت لواحقین کے حوالے کرنے کی تصدیق بھی درج کر دی۔ والدین کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے بچے کو وصول کیا تو وہ سانس لے رہا تھا، حتیٰ کہ آکسیجن ماسک لگے بچے کی سانسیں واضح طور پر دیکھی جا سکتی تھیں۔ والدین کی فوری توجہ کے بعد بچے کو دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے ہنگامی طور پر وینٹی لیٹر پر شفٹ کر دیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ نے واقعے پر مؤقف اختیار کیا ہے کہ بچہ Lazarus Syndrome کا شکار تھا، ایک نایاب طبی کیفیت جس میں وقتی طور پر سانس اور دل کی دھڑکن انتہائی مدہم ہو جاتی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا میں اگر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close