معروف محقق، معلمہ اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئی ہیں۔
پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار اور شاعر اصغر ندیم سید نے اُن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال لاہور میں ہوا، جب کہ نمازِ جنازہ کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے ایم اے اردو گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا اور یونیورسٹی آف ہوائی کے ایسٹ ویسٹ سینٹر سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ وہ 1986ء سے 2009ء تک گورنمنٹ کالج فار ویمن گلبرگ لاہور کی پرنسپل رہیں۔
اردو سمیت سات زبانوں پر عبور رکھنے والی عارفہ سیدہ زہرا نے تعلیم، ادب، ثقافت اور سماجی شعور کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ الحمرا آرٹس کونسل کے چیئرمین رضی احمد نے بھی اُن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے اردو زبان کو تہذیب، تحقیق اور انسان دوستی کا استعارہ بنایا۔” ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی وفات سے پاکستان کی علمی و ثقافتی دنیا ایک روشن چراغ سے محروم ہو گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں







