لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اب لاہور کی سڑکوں پر ایسی کوئی گاڑی نظر نہیں آنی چاہیے۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ شہر بھر میں بینرز آویزاں کیے جائیں جن میں عوام کو خبردار کیا جائے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں فوراً بند کر دی جائیں گی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ محکمہ ماحولیات کے افسران سڑکوں پر متحرک نظر آئیں اور جو بھی آلودگی پھیلائے اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ سماعت کے دوران عدالت نے درختوں کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کیا اور ڈائریکٹر ماحولیات کے پیش نہ ہونے پر برہمی دکھائی۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ اگر عدالتی احکامات پر بروقت عمل ہوتا تو لاہور کی موجودہ فضا مختلف ہوتی۔
عدالت نے پنجاب میں آلودگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ لاری اڈوں پر محکمہ ماحولیات کے افسران کے ساتھ پولیس اہلکار بھی تعینات کیے جائیں۔ مزید برآں، پرانے ٹائروں کو جلانے یا پراسس کرنے والے پلانٹس کے خلاف بھی کارروائی کا حکم جاری کیا گیا۔ عدالتی معاون کو موقع پر جا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
عدالت نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کریں۔ کیس کی مزید سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






