چھٹی کا اعلان

سید اصغر علی شاہ عرف سخی جام داتارؒ کے 754ویں سالانہ عرس کے موقع پر شہید بینظیر آباد کے ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے ضلع بھر میں پیر، 17 نومبر 2025 کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اتوار کی چھٹی کے ساتھ شہریوں اور طلبہ کو دو روزہ تعطیلات کا موقع ملے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق 17 نومبر کو تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور عوامی محکمے بند رہیں گے۔

تین روزہ عرس کی تقریبات 17 سے 19 نومبر تک تاریخی قصبے جام صاحب میں منعقد ہوں گی، جن میں سندھ سمیت ملک بھر سے زائرین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ عرس کے دوران روحانی محافل، مناجات، صوفیانہ موسیقی اور لنگر کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے سیکیورٹی، ٹریفک اور صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اہم داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹس قائم کر دی گئی ہیں، جبکہ میڈیکل کیمپس اور کنٹرول روم بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق تمام متعلقہ محکمے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں گے تاکہ کسی کو کوئی دشواری پیش نہ آئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close