کراچی: ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ای چالان جرمانوں کی بروقت ادائیگی پر بڑی سہولت دیتے ہوئے 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں نئے ٹریفک قوانین اور جرمانوں کا یکساں نفاذ کیا گیا ہے اور خلاف ورزیوں پر سختی سے کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 50 مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانہ 5 ہزار روپے تک مقرر کیا گیا ہے، تاہم اگر کوئی شہری 14 روز کے اندر ادائیگی کرتا ہے تو اسے 50 فیصد رعایت ملے گی۔ اس طرح رعایتی مدت میں ادائیگی کی صورت میں جرمانہ صرف 2 سے ڈھائی ہزار روپے رہ جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں ادائیگی نہ کرنے پر جرمانے کی رقم بتدریج بڑھتی جائے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق اس وقت 59 اقسام کی خلاف ورزیاں مانیٹر کی جا رہی ہیں، جبکہ 9 سنگین خلاف ورزیوں — جیسے ون وے کی خلاف ورزی، کم عمر ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور اوورٹیکنگ — پر 5 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر بھاری گاڑیوں کے جرمانوں کو موٹر سائیکل یا کار کے ساتھ جوڑنا غلط ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے کراچی کے 11 مقامات پر ٹریفک شکایات کے ازالے کے لیے مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ شکایت کے ازالے کا وقت جرمانے کی مدت میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں
							
	




