اوور سیز پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری ، بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اوورسیز پاکستانی پراپرٹی ایکٹ کی دفعہ تین کے تحت عدالتی افسران کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، اور ابتدائی طور پر مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی نامزدگی کی منظوری دی گئی ہے۔

محکمہ قانون اور ہائیکورٹ کے درمیان عدالتی افسران کی تعیناتی سے متعلق مشاورتی عمل مکمل ہو چکا ہے۔ ان عدالتوں کا قیام اوورسیز پاکستانیوں کے جائیداد سے متعلق تنازعات کو فوری اور مؤثر انداز میں حل کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ خصوصی عدالتوں کو مقدمات کی تیز رفتار سماعت اور جلد فیصلوں کے لیے خصوصی اختیارات بھی دیے جائیں گے۔

اس اقدام سے اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال ہونے کے ساتھ ساتھ قبضہ گروپوں کے خلاف کارروائیاں بھی مزید تیز ہوں گی۔ حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے، اور ہائیکورٹ کی مشاورت سے جلد عدالتی افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا تاکہ انصاف کی فراہمی کے لیے ایک مؤثر اور مضبوط عدالتی نظام فعال کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close