پیپلزپارٹی کی حکومت بنانے کے اعلان کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ کمیٹی وفاقی وزیر احسن اقبال، مشیر رانا ثنااللہ اور وفاقی وزیر امیر مقام پر مشتمل ہوگی اور آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور دیگر سیاسی معاملات کی نگرانی کرے گی۔ کمیٹی یہ جائزہ لے گی کہ آیا پیپلزپارٹی کے پاس حکومت بنانے کے لیے ضروری نمبرز موجود ہیں یا نہیں اور تمام صورتحال پر وزیراعظم کو بریف کرے گی۔
یاد رہے کہ پیپلزپارٹی نے حال ہی میں آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا اور پارٹی رہنماؤں نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے حکمرانی اور پارٹی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور اور دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے۔
پیپلزپارٹی نے اجلاس میں موجودہ وزیراعظم انوارالحق کو ہٹانے اور نئی حکومت بنانے کی حکمت عملی طے کی، اور صدر زرداری نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کی منظوری دے دی۔ صدر پی پی آزاد کشمیر چوہدری یاسین نے کہا کہ وزیراعظم کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ اس سے قبل پیپلزپارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر بھی اتفاق کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






