اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے مختلف عہدوں پر بھرتیوں کا اعلان کردیا ہے، واک اِن انٹرویوز 3 نومبر 2025 سے شروع ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے کراچی اور اندرونِ سندھ کے مختلف اضلاع میں 200 جونیئر ایگزیکٹیوز (ڈیٹا انٹری آپریٹرز) کی بھرتی کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام نادرا کی خدمات کو بہتر بنانے اور شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
بھرتی کا عمل کراچی کے پانچ اور اندرونِ سندھ کے نو اضلاع میں ہوگا، جن میں میرپورخاص، میرپور ساکرو، کوٹری، ماتھیری، چچرو، جھودو، میرپور تھارو، ٹنڈو اللہیار، جامشورو، ٹھٹہ اور سجاول شامل ہیں۔
اہلیت کے مطابق امیدواروں کے پاس کم از کم انٹرمیڈیٹ کی تعلیمی قابلیت ہونی چاہیے جبکہ زیادہ سے زیادہ عمر 25 سال مقرر کی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس توسیعی منصوبے کا مقصد نیم شہری اور دیہی علاقوں میں نادرا کی رسائی میں اضافہ کرنا، شہریوں کو تیز تر خدمات فراہم کرنا اور مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ مختلف اضلاع میں نئے علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں گے، جن کے لیے زمین کی خریداری کا عمل جاری ہے۔
نادرا کے ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام نیشنل بایومیٹرک اینڈ رجسٹریشن پالیسی فریم ورک کا حصہ ہے، جسے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یکم جنوری 2025 کو منظور کیا تھا۔
نادرا نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اسپتالوں اور ہیلتھ کیئر مراکز میں پیدائش اور اموات کے اندراج کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا ہے تاکہ یہ عمل مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو ہدایت دی ہے کہ وہ رجسٹریشن سسٹم میں بہتری لائے اور موجودہ خامیوں کو دور کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں