پاکستان کی غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزی پر اسرائیل کی مذمت

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ میں امن معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قابض اسرائیلی افواج کے تازہ حملوں کی سخت مخالفت کرتا ہے، جن کے نتیجے میں متعدد بے گناہ فلسطینی شہری شہید ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں شرم الشیخ میں مسلم و عرب ممالک، امریکہ، یورپ اور اقوام متحدہ کی قیادت کی موجودگی میں طے پانے والے امن معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے اور جنگ بندی کے مکمل نفاذ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

ترجمان نے کہا کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔

پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق القدس الشریف کو دارالحکومت بنا کر آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close