الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی نے پنجاب مقامی حکومت ایکٹ 2025ء منظور کر لیا ہے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے نئے قانون پر عملدرآمد کے لیے الیکشن کمیشن سے چار ہفتوں کی مہلت مانگی ہے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اس معاملے کا 21 اکتوبر کو تفصیلی جائزہ لیا گیا، کیونکہ پنجاب مقامی حکومت ایکٹ 2022ء اب متروک ہو چکا ہے۔ لہٰذا، آئندہ بلدیاتی انتخابات نئے قانون کے تحت کروائے جائیں گے۔
تحریری فیصلے کے مطابق نئے قانون کے تحت شہری اور دیہی کونسلوں کا ڈھانچہ تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ نشستوں کا طریقہ کار بھی نیا متعین کیا گیا ہے۔ اس وجہ سے حلقہ بندیوں سے پہلے نئی ڈی مارکیشن (سرحدی تقسیم) کی جائے گی تاکہ انتخابات منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد ہو سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں