لاہور: محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے سخت سیکیورٹی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
نئی ہدایات کے مطابق اسکول انتظامیہ کو پابند کیا گیا ہے کہ طلبہ کے بیگز کی روزانہ بنیاد پر چیکنگ کی جائے تاکہ کسی بھی ممنوعہ یا مشتبہ سامان کی موجودگی کو روکا جا سکے۔ محکمہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے ہر وقت فعال رہنے چاہییں، جب کہ داخلی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹرز کو تربیت یافتہ عملہ مؤثر طریقے سے استعمال کرے۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ اور عملے میں سیکیورٹی سے متعلق آگاہی پیدا کی جائے اور کلاس رومز سمیت اسٹاف میٹنگز میں باقاعدگی سے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے۔ محکمہ تعلیم نے تمام ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپل صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع مقامی پولیس اور ضلعی تعلیمی حکام کو دی جائے، جب کہ اسکولوں میں ایمرجنسی ڈرلز اور حفاظتی مشقوں کو معمول کا حصہ بنایا جائے۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات طلبہ، اساتذہ اور عملے کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں