پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بانی تحریک انصاف پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل کی دیواروں نے انہیں ذہنی طور پر مفلوج کر دیا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہی شخص مذہبی جماعت کو دہشت گرد اور شدت پسند قرار دیتا تھا، مگر اب اسی جماعت کے ساتھ مل کر اپنے کارکنوں کو احتجاج کی کال دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو بار بار مؤقف بدلنے پر شرم تک محسوس نہیں ہوتی۔ ان کی “فائنل کال” کو پاکستان پہلے ہی مسترد کر چکا ہے، تو اب وہ کس منہ سے دوبارہ کال دے رہے ہیں؟
وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں انتشار پھیلانے کے لیے دونوں جماعتوں کا ایجنڈا ایک ہے؟ ان کے مطابق خیبر پختونخوا، جہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے، دہشت گردی، کرپشن اور بدانتظامی کا گڑھ بن چکا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کی پالیسی عوامی خدمت نہیں بلکہ انتشار پھیلانا ہے، اور یہی اس جماعت کا واحد مقصد بن چکا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں