پاکستان، افغانستان جنگ بندی معاہدے پر چین کا اہم بیان

بیجنگ (16 اکتوبر 2025): چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی کے معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کی امن کوششوں کی بھرپور حمایت کی ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے جمعرات کو پریس بریفنگ میں کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان ضبط و تحمل اور مکالمے کے ذریعے اختلافات کے حل کی حمایت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم مشترکہ تحمل، مکمل اور دیرپا جنگ بندی پر عمل پیرا ممالک کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ چین تعلقات میں بہتری کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔”

ترجمان کے مطابق جنگ بندی نہ صرف پاکستان اور افغانستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان اور افغانستان ہمارے قریبی ہمسائے اور دوست ہیں، اور ہمسائے بدلے نہیں جا سکتے۔” چینی ترجمان نے مزید کہا کہ چین پائیدار اور جامع جنگ بندی کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

بدھ کے روز پاکستان کے دفترِ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ حالیہ سرحدی جھڑپوں کے بعد افغان طالبان حکومت کی درخواست پر 48 گھنٹوں کے لیے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا ہے، جو شام 6 بجے سے نافذ ہوئی۔ دوسری جانب طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصدیق کی تھی کہ افغان فورسز کو جنگ بندی کی مکمل پابندی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، “جب تک کوئی جارحیت نہ ہو۔”

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close