رانا ثنااللہ نے خبردار کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ اگر افغانستان نے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو پاکستان خود کارروائی کرے گا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام “الیونتھ آور” میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے دوٹوک رہا ہے کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو اور دہشت گردی کو کسی صورت سہولت فراہم نہ کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین روز کے دوران وفاقی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی ہیں، اور اگر 48 گھنٹے کے سیزفائر کے دوران بھی کسی دہشت گرد نے سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ریاست پاکستان نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اب مزید دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر افغانستان نے اپنے ملک میں موجود دہشت گردوں کے خلاف اقدامات نہ کیے تو پاکستان خود کارروائی کرے گا۔ رانا ثنااللہ نے یاد دلایا کہ گزشتہ 25 برسوں سے پاکستان نے افغان مہاجرین کی میزبانی کی، انہیں روزگار، کاروبار اور سہولیات فراہم کیں، یہاں تک کہ اسمگلنگ کے مواقع بھی دیے۔ تاہم، اب صورتحال بدل چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات چاہتا ہے، مگر اس کی شرط یہ ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔ بصورتِ دیگر، پاکستان اپنے سکیورٹی مفادات کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات جاری رکھے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close