“کوئی جتھا اسلام آباد پر چڑھ نہیں سکتا!” — محسن نقوی کا دوٹوک پیغام

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے واضح پیغام دیا ہے کہ کسی بھی جتھے کو اسلام آباد یا کسی دوسرے شہر پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے فیض آباد اور ملحقہ علاقوں کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسلام آباد پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) کے اہلکاروں سے ملاقات کی، ان سے مصافحہ کیا اور ان کے حوصلے کی تعریف کی۔محسن نقوی نے جوانوں سے کھانے پینے اور دیگر سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی مکمل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا، “آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں، قانون کی عملداری آپ کے مضبوط جذبے سے ہی ممکن ہے۔” وزیرِ داخلہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست قانون کی بالادستی پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا شہر کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیرِ داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close