گورنر خیبر پختونخوا کا شاعرانہ تبصرہ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے استعفے کی خبروں پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے نہ صرف ردعمل دیا بلکہ ایک دلچسپ شاعرانہ تبصرہ بھی کردیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں گورنر نے بتایا کہ انہیں تاحال علی امین گنڈاپور کا باضابطہ استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔ ان کے مطابق، “استعفیٰ موصول ہونے کے بعد ہی پتا چلے گا کہ علی امین گنڈاپور نے کن وجوہات کی بنا پر عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔” فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اگر استعفیٰ میں کوئی آئینی یا قانونی ابہام پایا گیا تو اسے واپس بھی کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا تھا کہ وہ وزیراعلیٰ کا منصب چھوڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عہدہ عمران خان کی امانت تھا، جو اب واپس کر دیا ہے، جب کہ نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ان کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔

دوسری جانب گورنر کے پی نے صوبے کی سیاسی ہلچل پر سوشل میڈیا پر ایک شعر کے ذریعے دلچسپ تبصرہ کیا:

“کیوں اداس پھرتے ہو سردیوں کی شاموں میں
اس طرح تو ہوتا ہے، اس طرح کے کاموں میں”

فیصل کریم کنڈی کا یہ شاعرانہ جملہ سیاسی منظرنامے میں ایک نیا رنگ لے آیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close