وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکا مستعفی ہونے کا اعلان, اہم بیان بھی سامنے آ گیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزارت اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حکم پر یہ فیصلہ کر رہے ہیں۔ ان کے بقول وزارت اعلیٰ کا منصب عمران خان کی طرف سے سونپی گئی ایک امانت تھی، جو وہ اب ان کے حکم کے مطابق واپس کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جگہ سہیل آفریدی کو نیا وزیر اعلیٰ مقرر کیا جائے گا۔ بیرسٹر علی ظفر نے بھی اس فیصلے کی توثیق کی ہے۔ سہیل آفریدی کا تعلق خیبر پختونخوا میں فاٹا سے ضم ہونے والے ضلع خیبر سے ہے۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کا فیصلہ ان کے علیمہ خانم سے پیدا ہونے والے اختلافات کے باعث کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان نے پارٹی رہنماؤں اور وکلا کو اس حوالے سے ہدایات دی تھیں، اور بعد ازاں بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلیمان نے علی امین کو فیصلے سے آگاہ کیا۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اندرونی اختلافات اور گروپ بندی کے معاملے پر شدید بحث ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بعض ارکان نے خیبرپختونخوا کے دو وزرا کو ہٹانے پر برہمی کا اظہار کیا، جبکہ کچھ ارکان نے علیمہ خانم اور علی امین کے درمیان صلح کی تجویز بھی دی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close