پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی خوشخبری

پاسپورٹ کے لیے آنے والے شہریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اب صرف پانچ منٹ میں باری آ جاتی ہے اور پورا عمل فوری مکمل ہو جاتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے کئی گھنٹے قطار میں کھڑے رہنا پڑتا تھا اور اکثر سسٹم کی خرابی کا سامنا ہوتا تھا، مگر اب صورتحال بہتر ہو چکی ہے۔ عملہ مکمل رہنمائی کرتا ہے اور پاسپورٹ مقررہ مدت میں ڈلیور بھی ہو جاتا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس ڈیفنس کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاسپورٹ کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے عمل، سہولتوں اور وقت پر فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں کے مثبت ردعمل پر وزیر داخلہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انچارج آفس اور عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کا اطمینان ہی ہماری اصل کامیابی ہے۔

پاسپورٹ ایک اہم دستاویز ہے جو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی شناخت کی تصدیق کے ساتھ ساتھ ان کے ملک سے باہر جانے اور واپس آنے کے حق کو یقینی بناتی ہے۔ پہلی بار پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کو اصل شناختی کارڈ یا نائیکوپ کے ساتھ اس کی فوٹو کاپی، ادا شدہ فیس کی رسید یا ای-ادائیگی کا ثبوت، اور سرکاری ملازمین کے لیے متعلقہ ادارے سے این او سی پیش کرنا ہوتا ہے۔ دوہری شہریت رکھنے والوں کے لیے غیر ملکی پاسپورٹ اور اس کی کاپی بھی ضروری ہے۔

تازہ ترین شیڈول کے مطابق 36 صفحات والے عام پاسپورٹ کی فیس پانچ سال کے لیے 4,500 روپے اور دس سال کے لیے 6,700 روپے ہے، جبکہ ارجنٹ فیس بالترتیب 7,500 اور 11,200 روپے رکھی گئی ہے۔ 72 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس پانچ سال کے لیے 8,200 اور دس سال کے لیے 12,400 روپے ہے، جبکہ ارجنٹ فیس 13,500 اور 20,200 روپے مقرر کی گئی ہے۔ 100 صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس پانچ سال کے لیے 9,000 اور دس سال کے لیے 13,500 روپے ہے، جبکہ ارجنٹ جاری کرنے پر بالترتیب 18,000 اور 27,000 روپے وصول کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close