بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں 5.0 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق جھٹکے شام 6 بج کر 29 منٹ پر محسوس کیے گئے، زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے 65 کلومیٹر مغرب میں اور گہرائی 25 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یاد رہے کہ 30 جون کو بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں 5.5 شدت کے زلزلے میں پانچ افراد زخمی اور متعدد کچے مکانات کو نقصان پہنچا تھا۔ اس سے قبل 15 جون کو پسنی میں 3.2 شدت کے جھٹکے بھی ریکارڈ کیے گئے تھے۔ ادھر فلپائن میں رواں ہفتے آنے والے 6.9 شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 72 تک پہنچ گئی ہے، جب کہ 294 افراد زخمی ہوئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ وسطی جزیرے سیبو کے قریب آیا، جس سے تاریخی عمارتوں، پلوں اور بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔
یہ 2013 کے بعد فلپائن کا سب سے ہلاکت خیز زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے، جب 7.2 شدت کے زلزلے نے جزیرہ بوحول میں 222 افراد کی جان لے لی تھی۔ فلپائن “رِنگ آف فائر” کے زون میں واقع ہے، جہاں ہر سال سیکڑوں زلزلے آتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں