وزیراعظم شہباز شریف سے وضاحت کا مطالبہ

کراچی: وزیر محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پر وضاحت دیں اور قوم کو بتائیں کہ بلاول بھٹو زرداری نے ان کے خلاف آخر کون سی سازش کی۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے واضح کیا کہ بلاول بھٹو نے کبھی پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید نہیں کی بلکہ ان کی تعریف کی اور وزیراعظم سے سیلاب متاثرین کی مدد کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر کیوں دیا جا رہا ہے کہ پیپلزپارٹی وفاق سے ناراض ہے؟ وفاقی حکومت کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ حکومت سے علیحدگی کے بعد کوئی سیاسی یا معاشی بحران پیدا ہو۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری نے بلاول بھٹو پر بطور وزیر خارجہ “سازشوں” کا الزام لگایا، اس لیے شہباز شریف کو قوم کے سامنے وضاحت دینی چاہیے کہ اگر واقعی کوئی سازش تھی تو وہ کیا تھی؟ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف خود بلاول بھٹو کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے تھے اور انہیں کامیاب وزیر خارجہ قرار دیتے تھے۔ اب وزیراعظم کو واضح کرنا چاہیے کہ وہ پنجاب حکومت کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں یا بلاول بھٹو کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں۔

سعید غنی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ بیان پر بھی تنقید کی اور کہا کہ “میرا پانی میری مرضی” کا مؤقف درست نہیں، پانی صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے ملک کا ہے۔ اگر نئی نہریں بنائی جائیں گی تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ پنجاب میں پہلے سے موجود 39 فیصد پانی کی کمی کے باوجود اضافی پانی کہاں سے آئے گا؟ صوبائی وزیر نے کہا کہ انتخابات ہی عوامی اعتماد کا اصل پیمانہ ہیں، سندھ کی اکثریت آج بھی پیپلزپارٹی سے مطمئن ہے۔ فارم 47 کے الزامات پیپلزپارٹی پر نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں پر لگائے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close