لاہور: پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کا عمل شہریوں کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے بڑا قدم اٹھا لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت موبائل پولیس اسٹیشنز اور لائسنس وینز تیار کر لی گئی ہیں، تاکہ شہریوں کو سہولت گھر کے قریب ہی میسر ہو۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کے مطابق پنجاب کے تمام اضلاع میں یہ وینز بآسانی دستیاب ہوں گی جبکہ خواتین کالجز اور یونیورسٹیوں میں بھی خصوصی وینز بھیجی جائیں گی۔ ابتدائی طور پر 33 وینز فراہم کی گئی ہیں جن کی تعداد آئندہ بڑھا کر 118 کر دی جائے گی۔ خواتین کے لیے 7 خصوصی وینز مختص کی گئی ہیں جنہیں آسان شناخت کے لیے گلابی رنگ میں تیار کیا گیا ہے۔ یہ اقدام شہریوں، بالخصوص خواتین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا حصول زیادہ سہل اور تیز تر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس اس سے قبل “آن لائن ای-لرنرز پرمٹ” کا آغاز کر چکی ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے ہی اپنا لرنرز پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں کے مطابق اسلام آباد پولیس شہریوں کی سہولت کے لیے جدید اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جب کہ آئی جی اسلام آباد پہلے ہی ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی مدت میں 7 روز کی توسیع کر چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں