ٹرمپ کے نکات ابھی آئے نہیں اور میاں صاحب نے ٹوئٹ کر دیا، اسد قیصر کی حکومت پر کڑی تنقید

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کا بیس نکاتی ایجنڈا ابھی منظرِ عام پر آیا بھی نہیں تھا کہ وزیراعظم نے فوری طور پر ٹوئٹ کر دیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم کو ایسی عجلت کی کیا ضرورت تھی اور کیوں اس اہم معاملے پر نہ پارلیمنٹ سے مشاورت کی گئی اور نہ ہی اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا۔ اسد قیصر کے مطابق نائب وزیراعظم کی ایوان میں کی گئی وضاحت بھی کنفیوژ نظر آئی اور لگتا ہے حکومت نے فیصلہ اکیلے ہی کر لیا۔ فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی جاری ہے جہاں 60 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کسی بھی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

مزید برآں، اسد قیصر نے انکشاف کیا کہ فلسطین کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل فلوٹیلا کے 450 افراد کو اسرائیل نے گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سفارتی ذرائع استعمال کرے۔ دوسری جانب، سابق سینیٹر مشتاق احمد کی گرفتاری سے متعلق سوال پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیر خارجہ واپس آچکے ہیں اور سوالات کے سیشن کے بعد ایوان کو مکمل بریفنگ دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close