لاہور: پیسک ملازمین کے لیے بنیادی تنخواہ میں 100 فیصد اسپیشل الاؤنس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے بعد پرانے ڈسپیریٹی، مہنگائی اور دیگر الاؤنسز ختم کر دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع کی زیر صدارت پیسک بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں ایم ڈی پیسک سائرہ عمر نے آٹھ نکاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے جن میں کینسل پلاٹس کے حوالے سے خصوصی کمیٹی کی تشکیل شامل ہے، جو دو ہفتوں میں سفارشات پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ پیسک اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ رولز 2025، اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ 4 گوجرانوالہ میں بجلی فراہمی کے منصوبے اور سمڑیال اسٹیٹس 2 اور 3 میں منسوخ شدہ پلاٹوں کے لیٹرز واپس لینے کی منظوری بھی دی گئی۔
مزید برآں، اجلاس میں پیسک میڈیکل پالیسی 2023، انٹرن شپ پروگرام اور فنانشل پاورز کے نظریاتی شیڈول میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پیسک اور اخوت کے درمیان خود روزگار اسکیم کی حکمت عملی کو بھی منظور کیا گیا، جب کہ اسمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے پروگرام کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت صفائی، سیکیورٹی اور سڑکوں کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں