پاک دھرتی سے فتنہ الہندوستان کا صفایا کرنے کیلئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن مزید تیز ہوگیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب کارروائیوں میں 21 خوارج مارے گئے۔
کوئٹہ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانےکو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید جھڑپ میں بھارتی اسپانسرڈ 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ کیچ ضلع میں بھی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 3 دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ژوب اور شیرانی میں بھی انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیے۔ جہاں فتنہ الخواج کے 8 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
دوسری جانب ضلع خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خواتین کا روپ دھارے دہشتگردوں کی فرار کی کوشش ناکام بنادی۔ آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد گرفتار کرلیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔آپریشن کے دوران خواتین کا لباس پہن کر بھاگنے والے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار دہشتگردوں سے ہتھیار اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید دہشتگردوں کی تلاش کے لیے کلئیرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ قوم کے تعاون سے دہشتگرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں