کراچی : وفاق المدارس نے مفتی تقی عثمانی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے ہیں جن کے مطابق آن لائن تعلیم اور داڑھی کاٹنے والے طلبہ کو امتحان دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اجلاس میں طے پایا کہ داڑھی کاٹنے والے طلبہ کے داخلے بھیجنے والے مدارس سے وضاحت لی جائے گی، اور تسلی بخش جواب نہ ملنے پر متعلقہ مدرسے کا الحاق معطل کر دیا جائے گا۔ وفاق المدارس نے واضح کیا کہ شریعت کے نام پر ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے کی دو ٹوک مخالفت کرتے ہیں اور پرامن تحریک ہی نفاذِ شریعت کا واحد راستہ ہے۔ مزید یہ کہ مدارس کی تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر جاری کرنے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق وفاق المدارس کے تحت پرائمری، چھٹی اور ساتویں جماعت کی کتب مرتب کی جائیں گی، جبکہ خواتین مدارس کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے قواعد وضوابط بھی تیار کیے جائیں گے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ سالانہ امتحانات کا معیار بلند کرنے کے لیے آئندہ سے امتحانات دو مراحل میں ہوں گے، جبکہ سودی نظام کے خاتمے کے لیے دینی ادارے اسٹیٹ بینک کے ساتھ تعاون کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں