سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم، سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں جاری سروائیکل کینسر ویکسینیشن مہم کے حوالے سے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ صحت نے ویکسین کے خلاف پھیلنے والے منفی پروپیگنڈے کے پیشِ نظر مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ انہیں ایچ پی وی ویکسین کی افادیت اور مہم کے مقاصد سے آگاہ کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ان جماعتوں سے مہم کی حمایت میں بیانات دینے اور سوشل میڈیا پر وڈیو پیغامات کے ذریعے عوام میں آگاہی پھیلانے کی اپیل کی جائے گی۔ اسی سلسلے میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ عوامی سطح پر ویکسین سے متعلق خدشات کا ازالہ کیا جا سکے۔

وزارتِ صحت پہلے ہی خواتین پارلیمنٹیرینز کو مہم کے بارے میں بریفنگ دے چکی ہے، جبکہ اب سیاسی و مذہبی رہنماؤں کو باضابطہ خطوط بھی لکھے جائیں گے۔ واضح رہے کہ 15 ستمبر کو پہلی قومی سروائیکل کینسر بچاؤ مہم کا آغاز کیا گیا تھا جو 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں جاری رہے گی، اور مہم کے لیے ویکسین اور سرنجز کی فراہمی مکمل کر لی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close