لاہور میں انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو سپریم کورٹ کے جج کے اسکواڈ کی گاڑی جلانے کے کیس کا 125 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے کے مطابق عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری سمیت 18 ملزمان کو مجموعی طور پر 48 برس قید اور ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ تمام سزائیں بیک وقت کاٹی جائیں گی۔ عدالت نے صنم جاوید، محمد صدیق، طیب علی، سید فیصل اختر اور ظریف خان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے جبکہ خدیجہ شاہ سمیت 14 ملزمان کی گرفتاری کا حکم سزاؤں کے روز پیش نہ ہونے پر دیا گیا۔
فیصلے میں واضح کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پر احتجاج کے لیے اکسایا گیا اور کارکن بانی چیئرمین کی ہدایت کو ’’مقدس‘‘ سمجھتے ہوئے ریڈ لائن تصور کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کے مقدمے میں بریت پر عدالت نے لکھا کہ شواہد کے مطابق وہ وقوعہ کے روز ملتان سے کراچی گئے تھے، اس لیے ان کا کیس دیگر ملزمان سے مختلف ہے۔
حالیہ فیصلے کے مطابق عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت 21 ملزمان کو بری جبکہ 18 کو سزائیں سنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں