پی ٹی آئی کے چار سینیٹرز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہدایت پر سینیٹر اعظم سواتی سمیت پارٹی کے چار سینیٹرز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سینیٹر دوست محمد، سینیٹر ذیشان خانزادہ، سینیٹر اعظم سواتی اور سینیٹر مرزا آفریدی نے اپنے استعفے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ارسال کر دیے۔

سینیٹر دوست محمد اور ذیشان خانزادہ نے احتجاجاً پانچ قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔ اس حوالے سے دوست محمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ قدم بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر اٹھایا، جبکہ ذیشان خانزادہ نے اسے موجودہ صورتحال کے خلاف ’’احتجاج‘‘ قرار دیا۔

بعدازاں اعظم سواتی اور مرزا آفریدی نے بھی قائمہ کمیٹیوں سے علیحدگی اختیار کر لی، جس سے پی ٹی آئی کی پارلیمانی سرگرمیوں میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ عمران خان نے پارٹی کو قومی اسمبلی اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کی ہدایت دی ہے۔

علیمہ خانم نے بتایا کہ ان کی عمران خان سے چار ماہ بعد ملاقات کرائی گئی، جس میں انہوں نے اپنے بچوں اور بہنوں کے حالات دریافت کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت عمومی طور پر بہتر ہے، تاہم انہیں آنکھ پر پریشر کی شکایت ہے، جس کے طبی معائنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے، جس پر خاندان کو شدید تشویش لاحق ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close