اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ایک روزہ حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرلی ہے۔
کیس کی سماعت اینٹی کرپشن عدالت کے جج جاوید اقبال وڑائچ نے کی۔ مقدمہ پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ہے، جس میں چودھری پرویز الٰہی سمیت دیگر افراد نامزد ہیں۔
سماعت کے دوران چودھری پرویز الٰہی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کی طبیعت ناساز ہے، لہٰذا انہیں آج کے روز کے لیے عدالت میں حاضری سے استثنا دیا جائے۔ عدالت نے وکیل کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے ایک روزہ حاضری سے معافی دے دی۔
دوسری جانب مقدمے میں شریک ملزمان اعجاز، زوہیب اور حیدر شفقات نے اپنی بریّت کی درخواستیں عدالت میں جمع کروا دی ہیں۔ عدالت نے اینٹی کرپشن حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے ہیں۔
اسی طرح شریک ملزم مختار رانجھا کی بریّت کی درخواست پر بھی وکلا سے دلائل طلب کیے گئے ہیں۔
عدالت نے تمام فریقین کو آئندہ سماعت کے لیے طلب کرتے ہوئے کیس کی کارروائی 8 اکتوبر 2025 تک ملتوی کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں