انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کے بیٹے، شاہ ریز خان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کر لی۔ یہ فیصلہ عدالت کے جج منظر علی گل نے سنایا۔
سماعت کے دوران شاہ ریز کے وکیل رانا مدثر نے مؤقف اختیار کیا کہ شاہ ریز کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں، نہ ہی ان کا نام چالان میں شامل ہے اور نہ کسی تفتیشی افسر نے ان کے خلاف بیان دیا ہے۔ وکیل نے بتایا کہ واقعے کے وقت شاہ ریز چترال میں موجود تھے، جس کی گواہی کے لیے بیانِ حلفی بھی جمع کروائے گئے ہیں۔
رانا مدثر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شاہ ریز کو واقعے کے 28 ماہ بعد مقدمے میں شامل کیا گیا، اور آج تک کسی تفتیشی افسر نے انہیں طلب بھی نہیں کیا۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کے دوستوں کی فیس بک تصاویر حاصل کی گئی ہیں، تاہم شاہ ریز کی اپنی فیس بک پر کوئی تصویر موجود نہیں، اس بنیاد پر عدالت سے استدعا کی گئی کہ ضمانت کی درخواست مسترد کی جائے۔
دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا، جو آج سناتے ہوئے شاہ ریز خان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں