بھارت کی جانب سے ایک اور فلڈ وارننگ جاری کی گئی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن نے جموں کے علاقے توی پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے خبردار کیا ہے۔
پاکستان پہلے ہی شدید بارشوں اور سیلابی کیفیت کا سامنا کر رہا ہے، ایسے میں بھارت سے ایک اور سیلابی ریلا داخل ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ وزارتِ آبی وسائل کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے صبح 6 بجے پانی کے اضافے کی اطلاع دی گئی۔
بھارتی پانی چھوڑنے کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔ ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 29 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ کا کہنا ہے کہ اس وقت وہاں نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم صورتحال تیزی سے بدل سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف دریاؤں میں سیلابی ریلے اور پانی کے بہاؤ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹے نہایت اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج شام تک ہیڈ محمد والا پر بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ بھارت کی طرف سے آنے والے پانی کے ریلے کی اطلاع دی گئی ہے، جبکہ ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث پانی کا بہاؤ بڑھتا جا رہا ہے اور ریسکیو سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔
پنجاب کے مختلف ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ عوام کو احتیاط برتنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں