چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ ہے

بیجنگ: وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر وزراء بھی شریک تھے۔

چینی صدر نے اس موقع پر کہا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت کرتا ہے اور اُمید ہے کہ پاکستان چینی عملے، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے مؤثر اقدامات کرے گا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر کو ایس سی او اجلاس کے کامیاب انعقاد اور فسطائیت مخالف جنگ کی 80ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین کی کامیابیوں پر فخر ہے اور وہ چین کے ساتھ مل کر ترقی کے اس سفر میں شامل رہنے کے لیے تیار ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم نے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا اہم منصوبہ قرار دیا اور اس کے اگلے مرحلے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات جیسے گلوبل گورننس، گلوبل ڈیولپمنٹ، گلوبل سیکیورٹی اور گلوبل سولرائزیشن انیشی ایٹو کی مکمل حمایت کی۔

چینی صدر نے یقین دہانی کرائی کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا اور سی پیک کے دوسرے مرحلے میں پاکستان کے اہم ترین اقتصادی شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعظم شہباز شریف تیانجن سے بلٹ ٹرین کے ذریعے بیجنگ پہنچے جہاں ان کا نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رکن نے استقبال کیا۔ وہ عالمی فاشزم کے خلاف جنگ کی 80ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت اور پاک-چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close