بیرسٹر گوہر کا اہم اعلان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ کل سے وہ پارلیمنٹ کے باہر اپنی اسمبلی قائم کریں گے۔

پیر کے روز دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمنٹ کے باہر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب بانی تحریک نے اسمبلی سے استعفے کا حکم دیا تو وہ اور تمام پی ٹی آئی کے ممبران استعفیٰ دے دیں گے۔ جن ایم این ایز کو سزائیں سنائی گئی ہیں، وہ اپنی سیٹوں پر احتجاجاً شرکت نہیں کریں گے۔ آج قومی اسمبلی میں بھی شرکت نہیں کریں گے اور آئندہ اجلاس میں بھی نہیں کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ان کی آواز کو دبایا گیا، پارلیمنٹ میں مائیک بند کر دیے گئے، یہ جمہوریت نہیں بلکہ فسطائیت ہے جہاں بولنے کی آزادی نہیں دی جا رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی تحریک نے مینڈیٹ چرانے کے باوجود مذاکرات کی پیشکش کی، پاکستان اور بھارت کی جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے، اور سیلاب جیسے حالات میں سب باتوں سے بالاتر ہو کر ساتھ دیا، مگر اب بس بہت ہو گیا۔

بیرسٹر گوہر نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو سرٹیفکیٹ دے دیے لیکن پی ٹی آئی کو نہیں دیا گیا، اور اس بناوٹی پارلیمنٹ اور کمیٹیوں سے کوئی تعلق نہیں رکھنا چاہتے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ کل سے پارلیمنٹ کے باہر اپنی اسمبلی لگائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close