پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹ اور آئندہ تمام ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے یہ فیصلہ چیئرمین اور بانی عمران خان کی ہدایت پر کیا گیا، جو اس وقت جیل میں قید ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق، عمران خان نے واضح کیا ہے کہ نو مئی کے مقدمات میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو ناانصافی کا نشانہ بنایا گیا، بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہوئی، اور یہ سب ریاستی انتقامی کارروائیوں کا حصہ ہے۔ اسی تناظر میں پارٹی نے انتخابی عمل سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔
سینیٹ انتخاب کا بائیکاٹ
پی ٹی آئی نے سینیٹ میں اعجاز چوہدری کی خالی نشست پر ہونے والے انتخاب کا بھی بائیکاٹ کر دیا ہے۔ پارٹی نے پہلے اس نشست کے لیے اعجاز چوہدری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز کو امیدوار نامزد کیا تھا، تاہم انہوں نے بھی دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ “جعلی انتخابات” کا حصہ نہیں بنیں گی۔
ان کے بقول، “پی ٹی آئی کا یہ بائیکاٹ فیصلہ ایک دوٹوک پیغام ہے کہ پارٹی کسی غیر منصفانہ انتخابی عمل کو تسلیم نہیں کرے گی۔”
واحد استثنا
البتہ، پارٹی نے واضح کیا ہے کہ میاں اظہر کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب میں حصہ لیا جائے گا۔ اس کے سوا، تمام دیگر ضمنی و سینیٹ انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں