پاکستان اور آرمینیا نے باقاعدہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کر لیے ہیں۔
یہ اہم پیشرفت چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوئی، جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات مرزویان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے قیام سے متعلق مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور اس کا باہمی تبادلہ بھی کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر سے وابستگی کا اعادہ کیا اور معیشت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون کے امکانات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (X) پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ سفارتی پیشرفت دونوں ملکوں کے درمیان تعمیری تعاون کی نئی راہیں کھولے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کی مکمل پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے سوویت یونین سے آزادی کے بعد آرمینیا کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں کیے تھے۔ تاہم، حالیہ دنوں میں آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان امن معاہدے کے بعد پاکستان نے تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا، جس کی بنیاد پر دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان ابتدائی طور پر ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں