آسمان پر دلکش نظارہ: سال کا پہلا سپر مون کب اور کہاں کہاں دیکھا جائے گا؟

ماہرینِ فلکیات کے مطابق اکتوبر کا مہینہ آسمانی مناظر کے شوقین افراد کے لیے نہایت دلچسپ ثابت ہوگا، کیونکہ رواں سال کا پہلا سپر مون 7 اکتوبر کو اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ آسمان پر نمودار ہوگا۔

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سُپارکو) کے مطابق یہ دلکش منظر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ، رواں سال مزید دو سپر مون بھی ظاہر ہوں گے — ایک 5 نومبر کو اور دوسرا 5 دسمبر کو۔ ماہرین کے مطابق سپر مون اُس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند اپنی بیضوی مدار میں گردش کرتے ہوئے زمین کے سب سے قریب آ جاتا ہے، جس کے باعث وہ معمول کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے۔

سُپارکو کے مطابق 7 اکتوبر کا سپر مون اوسط پورے چاند سے تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن ہوگا، جبکہ اس رات چاند زمین سے تقریباً 361,400 کلومیٹر (224,599 میل) کے فاصلے پر واقع ہوگا۔ اعداد و شمار کے مطابق ہر سال عموماً 3 سے 4 سپر مون دیکھے جاتے ہیں۔ اس سے قبل آخری سپر مون نومبر 2024 میں دیکھا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سپر مون کا سب سے حسین منظر اُس وقت سامنے آتا ہے جب وہ افق کے قریب طلوع ہوتا ہے، کیونکہ اس لمحے وہ معمول سے کہیں زیادہ بڑا اور دلکش دکھائی دیتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close