16 کروڑ کی لاگت سے حویلی لکھا میں آئی ہسپتال مارچ تک آپریشن ہو جائے گا، 5 اضلاع کو سہولت ملے گی

 راولپنڈی (پی این آئی) الشفاء ٹرسٹ کی جانب سے اوکاڑہ کے علاقے حویلی لکھا میں تعمیر کیا جانے والا آئی اسپتال تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس کا افتتاح مارچ میں متوقع ہے۔

یہ اسپتال دو ایکڑ عطیہ کی گئی زمین پر تعمیر کیا جا رہا ہے اور جنوبی پنجاب کے ان علاقوں میں مفت آنکھوں کا علاج فراہم کرے گا جہاں نابینا افراد کی تعداد 18 لاکھ سے زائد ہے اور ان میں سے 85 فیصد کیس قابل علاج سمجھے جاتے ہیں۔

الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ریٹائرڈ) رحمت خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ تمام اہم تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے اورفنشنگ کا عمل جاری ہے۔ ان کے مطابق یہ اسپتال حویلی لکھا، دیپالپور، پاکپتن، ساہیوال اور بہاولنگر کے مریضوں کو سہولت فراہم کرے گا جہاں ماہر ڈاکٹرز اور جدید آلات کی شدید کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً نصف نابینائی موتیا کے باعث ہوتی ہے جو ایک معمولی سرجری سے ٹھیک ہو سکتی ہے مگر دیہی علاقوں میں علاج کی سہولتیں ناپید ہیں۔

جنرل رحمت خان نے کہا کہ یہ اسپتال 250 او پی ڈی اور آئی پی ڈی مریضوں کے علاج کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ منصوبے کی کل لاگت 12 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے جبکہ آلات پر 4 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ زمین اور تعمیراتی اخراجات ایک مقامی ڈاکٹر نے عطیہ کیے ہیں جبکہ الشفاء ٹرسٹ جدید آلات فراہم کرے گا اور اسپتال کے انتظامات سنبھالے گا۔ یہ اسپتال بڑے شہروں کے بوجھ کو کم کرے گا۔جنرل رحمت خان نے کہا کہ حویلی لکھا اسپتال ٹرسٹ کے توسیعی پروگرام کا حصہ ہے جس میں چکوال، گلگت اور کوئٹہ میں بھی منصوبے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرسٹ 80 فیصد مریضوں کا علاج مفت کرتا ہے۔

مقامی عوام اور افسران نے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اوکاڑہ اور ساہیوال کے موجودہ اسپتالوں پر دباؤ کم کرے گا اور غریب خاندانوں کو علاج کے لیے دور دراز سفر سے نجات ملے گی۔الشفاء ٹرسٹ راولپنڈی، سکھر، کوہاٹ، مظفرآباد اور چکوال میں اسپتال چلا رہا ہے اور گزشتہ سال 550 سے زائد مفت کیمپس کے ذریعے 1 لاکھ 75 ہزار سے زیادہ اسکول بچوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ اگلے سال بیس لاکھ افراد کے علاج اور ایک لاکھ بیس ہزارجراہیوں کا ہدف ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close