میٹرک اور انٹر پاس طلبہ کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اب مفت آئی ٹی شارٹ کورسز کر سکیں گے۔
سندھ حکومت نے چیف منسٹر پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ پاس طلبہ کو مفت تربیت دی جائے گی۔ یہ کورسز محکمہ انفارمیشن سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون سے تین جامعات — این ای ڈی یونیورسٹی کراچی، مہران انجینئرنگ یونیورسٹی حیدرآباد، اور آئی بی اے سکھر — میں منعقد کیے جائیں گے۔
پروگرام کے ذریعے مجموعی طور پر 35 ہزار طلبہ کو تین مراحل میں آئی ٹی کی تربیت دی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں 13 ہزار طلبہ کورس مکمل کر چکے ہیں، جبکہ دوسرے مرحلے میں 7 ہزار طلبہ کو شامل کیا جائے گا۔ کورسز کی مدت دو ماہ ہو گی اور تمام تربیت مفت فراہم کی جائے گی۔ اس مرحلے پر 1400 ملین روپے لاگت آئے گی، جو سال 2025 اور 2026 کے بجٹ میں مختص کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں سے لیس کر کے انہیں بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں