سندھ حکومت اور گوگل کے درمیان آئی ٹی ٹریننگ اور ڈیجیٹل صحافت پروگرام کے لیے اسکالرشپس پر مبنی معاہدے طے پا گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں “پیپلز آئی ٹی پروگرام” اور “گوگل ڈیجیٹل جرنلزم اسکالرشپ” شامل ہیں۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اب تک ہزاروں طلبہ عالمی معیار کی آئی ٹی مہارتیں حاصل کر چکے ہیں، جن میں سے 4,300 سے زائد نوجوان مختلف معاشی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز آئی ٹی پروگرام 2 (PITP-II) کے لیے 1400 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت 35 ہزار طلبہ کو 12 جدید ٹیکنالوجیز پر تربیت دی جائے گی۔
پروگرام میں خواتین اور دیہی علاقوں سے طلبہ کی شمولیت کو بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔ تربیتی عمل این ای ڈی یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور سکھر آئی بی اے کے ذریعے انجام دیا جائے گا، اور اس میں میٹرک سے لے کر گریجویشن تک کے طلبہ درخواست دے سکیں گے۔
ڈیجیٹل صحافت پروگرام کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ سندھ حکومت اور ٹیک ویلی کا مشترکہ پراجیکٹ ہے، جس کے دوسرے مرحلے “ڈیجیٹل جرنلزم 2.0” کے تحت ایک ہزار اسکالرشپس دی جائیں گی۔ یہ اسکالرشپس صحافیوں، سرکاری ترجمانوں اور میڈیا اسٹڈیز کے طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے اس اقدام کو معتبر صحافت اور شفافیت کے فروغ کے لیے سنگ میل قرار دیا، جب کہ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ اس پروگرام سے فیک نیوز کے پھیلاؤ میں واضح کمی آئے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں