راولپنڈی — شہر اور اس کے گردونواح میں برائلر مرغی اور اس کے گوشت کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ چند روز قبل قیمتوں میں کمی دیکھی گئی تھی، مگر ہفتے کے اختتام پر زندہ مرغی اور اس کے گوشت کے نرخ دوبارہ بڑھ گئے ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں زندہ برائلر مرغی 365 سے 380 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے، جب کہ سرکاری ریٹ لسٹ میں اس کی قیمت 348 روپے فی کلو مقرر ہے۔ برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت بھی اوپن مارکیٹ میں 550 سے 600 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے، جبکہ سرکاری فہرست میں نرخ 504 روپے فی کلو درج ہیں۔
مارکیٹ میں کہیں بھی سرکاری نرخوں کے مطابق مرغی دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ چند روز قبل قیمتوں میں کچھ کمی آئی تھی، مگر اب اضافہ ہونے سے برائلر مرغی بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔
دکانداروں کے مطابق مرغی کی منڈی میں آج غیر معمولی تیزی دیکھی گئی، جس کے باعث نرخ بڑھ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ قیمتیں طلب اور رسد کے مطابق پولٹری فارمز سے طے کی جاتی ہیں، جبکہ تھوک و پرچون فروش اس میں 10 سے 15 روپے فی کلو اضافہ کر کے فروخت کرتے ہیں۔
شہریوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ برائلر مرغی، جو غریب طبقے کے لیے سستی پروٹین کا ذریعہ ہے، اس کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مٹن اور بیف خریدنے کی سکت نہ رکھنے والے افراد کے لیے یہ متوازن متبادل برقرار رہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






