موسم سرما کیلئے گیس کا نیا شیڈول جاری

اسلام آباد میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے موسمِ سرما کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق گیس کی قلت اور بڑھتی ہوئی طلب کے باعث صارفین کو اب صرف مخصوص اوقات میں گیس دستیاب ہوگی۔

جاری کردہ شیڈول کے مطابق صبح ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 8 بجے تک، دوپہر ساڑھے 11 بجے سے ڈیڑھ بجے تک، اور شام ساڑھے 5 بجے سے رات ساڑھے 8 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی۔ ان اوقات کے علاوہ، یعنی رات ساڑھے 8 بجے سے صبح ساڑھے 5 بجے تک گیس کی سپلائی معطل رہے گی۔

یہ شیڈول لاہور، اسلام آباد اور ایس این جی پی ایل کے دیگر علاقوں میں نافذ ہوگا۔ حکام نے بتایا کہ بعض اوقات پریشر میں کمی یا عارضی بندش کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد موسمِ سرما میں محدود گیس ذخائر کو شہری اور دیہی علاقوں میں منصفانہ طور پر تقسیم کرنا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کھانا پکانے اور دیگر ضروری امور کو مقررہ اوقات کے مطابق ترتیب دیں تاکہ مشکلات سے بچا جا سکے۔

ایس این جی پی ایل نے صارفین کو گیس کا استعمال ذمہ داری سے کرنے اور گیس چوری یا غیر قانونی کنکشن کی اطلاع فوری طور پر دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close