چینی سمیت درجن بھر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، پریشان کن خبر

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں مسلسل چوتھے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح 5.03 فیصد تک پہنچ گئی۔

ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 25 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق پیاز فی کلو 5 روپے 81 پیسے، انڈے فی درجن 7 روپے، چینی 3 روپے 77 پیسے اور لہسن فی کلو 3 روپے 84 پیسے مہنگا ہوا۔ ٹماٹر کی قیمت میں بھی 92 پیسے فی کلو اضافہ ہوا، جبکہ تازہ دودھ، دال مسور اور بچوں کے دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مرغی کی فی کلو قیمت میں 8 روپے 24 پیسے کمی ہوئی۔ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3 روپے 78 پیسے کم ہوئی، جبکہ دال مونگ، گندم کا آٹا اور گڑ بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل رہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close