بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان عوام کی لئے ریلیف سے متعلق اچھی خبر

اسلام آباد: ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں معمولی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے لیے نیپرا کو درخواست جمع کرادی ہے، جس پر سماعت 29 اکتوبر کو ہوگی۔

سی پی پی اے کی رپورٹ کے مطابق ستمبر میں 12 ارب 59 کروڑ 20 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئیں، جن میں سے 12 ارب 21 کروڑ 70 لاکھ یونٹس تقسیم کار کمپنیوں کو فراہم کی گئیں۔

بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 7 روپے 9 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ ریفرنس لاگت 7 روپے 65 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔

رپورٹ کے مطابق ستمبر میں پانی سے 37.99 فیصد، مقامی کوئلے سے 9.54 فیصد، درآمدی کوئلے سے 8.10 فیصد، اور گیس سے 14.41 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

اسی طرح ایل این جی سے 14.41 فیصد، جوہری ایندھن سے 17.69 فیصد، جبکہ مہنگے فرنس آئل سے صرف 0.77 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔

فیول لاگت میں کمی کے باعث امکان ہے کہ صارفین کو آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں معمولی ریلیف ملے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close