پیٹرول کے بحران کے حوالے سے عوام کے لئے اہم خبر

 

کراچی: پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا جہاز کلیئر ہونے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کا ممکنہ بحران عارضی طور پر ٹل گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی کمی کے خدشات کے پیش نظر سندھ حکومت نے پی ایس او کے ایک جہاز کو 15 دن کی انڈرٹیکنگ پر کلیئر کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دیگر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے جہاز بھی 15 روز کے لیے بغیر بینک گارنٹی کلیئر ہونے کی توقع ہے۔ حکومت نے درآمدی فیول کی کلیئرنس کے لیے بینک گارنٹی پر 15 دن کی عارضی اجازت دی ہے۔

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ 100 فیصد بینک گارنٹی جمع کرانے سے کیش فلو بری طرح متاثر ہوگا، جس سے ایندھن کی سپلائی میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سندھ نے کمپنیوں کو بینک گارنٹی جمع کرانے کے لیے دوسرا خط جاری کیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ انڈرٹیکنگ کے بجائے بینک گارنٹی فراہم کی جائے۔

محکمہ ایکسائز کے مطابق مطلوبہ بینک گارنٹی جمع کرانے کے بعد ہی کمپنیوں کے کیسز پر کارروائی ہوگی، اور اگر بینک گارنٹی جمع نہ کرائی گئی تو ایندھن کی فراہمی میں کسی بھی تعطل کی ذمہ داری متعلقہ کمپنیوں پر عائد ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close