کوئٹہ: سوئی سدرن گیس کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ کل بروز بدھ بلوچستان کے مختلف شہروں میں مرمتی کام کے باعث گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔
کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ ضروری مرمت کے پیش نظر 22 اکتوبر 2025 کو صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک مختلف علاقوں میں گیس بند رہے گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اہم تنصیبات پر مرمت کا عمل موسمِ سرما کے آغاز سے پہلے مکمل کیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ بدھ کے روز مستونگ اور قلات میں گیس کی فراہمی بند رہے گی، جبکہ متاثرہ علاقوں میں مستونگ سٹی، پرنگ آباد، کلی محمد شاہی، کیڈٹ کالج مستونگ، قدکوچہ، منگا چار، قلات اور ملحقہ علاقے شامل ہیں۔
کمپنی کے ترجمان نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ گیس بندش کے دوران متبادل انتظامات کرلیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے گیس کی عارضی معطلی سے پیدا ہونے والی تکلیف پر صارفین سے معذرت بھی کی ہے اور تعاون کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب، کراچی کے علاقے نیو کراچی ایوب گوٹھ میں گیس پریشر مشین پھٹنے سے خوفناک دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے دو گھر اور چار دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ کئی افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں مقامی لوگوں اور ریسکیو ٹیموں نے نکالا۔ ملبے سے ایک دکاندار کی لاش برآمد کی گئی جبکہ زخمیوں میں گھروں کے افراد اور راہگیر بھی شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں