قطری سفیر علی عیسیٰ الخاطر نے پاکستانی ہنرمندوں کی تعداد میں اضافے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہنرمندوں کی مانگ بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل محمد معین وٹو نے پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخاطر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر معین وٹو نے حالیہ اسرائیلی حملے پر قطر سے اظہارِ افسوس کیا اور حکومت و عوام پاکستان کی جانب سے قطری عوام کی سلامتی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے عوام کے درمیان محبت اور احترام کا گہرا رشتہ موجود ہے۔
معین وٹو نے یورپی ممالک کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں انصاف اور امن کی جانب اہم قدم قرار دیا۔انہوں نے مسلم ممالک کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
ملاقات میں قطری سفیر نے پاکستان کے ہنر مند افرادی قوت کے کردار کو سراہا اور کہا کہ قطر میں پاکستانی ہنرمندوں کی مانگ بڑھ رہی ہے، جسے مزید بڑھانے کی خواہش ہے۔ انہوں نے پاکستان کے قدرتی وسائل کو بھی سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں