قومی اسمبلی کے اجلاس میں چیئرمین اوگرا اور دیگر افسران کی تنخواہوں سے متعلق چونکا دینے والی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ وزیر انچارج برائے کابینہ ڈویژن نے تحریری جواب میں بتایا کہ چیئرمین اوگرا کو ماہانہ 15 لاکھ روپے تنخواہ دی جا رہی ہے، جب کہ ممبر آئل اور ممبر فنانس کی ماہانہ تنخواہ 10 لاکھ روپے سے بھی زائد ہے۔
مزید بتایا گیا کہ ڈاکٹر الیاس فضل، اعجاز سڈل اور بریگیڈیئر شہباز اوگرا میں ایڈوائزرز کے طور پر کام کر رہے ہیں، جنہیں ہر ماہ 8 لاکھ روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ یہ ایڈوائزرز ابتدائی طور پر ایک سالہ کنٹریکٹ پر تعینات ہوتے ہیں، تاہم ان کے معاہدے میں تین سال تک توسیع کی گنجائش موجود ہے۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا کہ بریگیڈیئر شہباز کا بطور سکیورٹی ایڈوائزر کنٹریکٹ 12 فروری 2025 کو ختم ہو چکا ہے۔
وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ چیئرمین اوگرا کی تنخواہ میں سے ہر ماہ 4 لاکھ 97 ہزار روپے سے زائد جبکہ ممبر آئل اور ممبر فنانس کی تنخواہ میں سے 2 لاکھ 77 ہزار 500 روپے ٹیکس کی مد میں کاٹے جاتے ہیں۔ اوگرا آرڈیننس 2002 کی سیکشن 14 کے تحت ایڈوائزرز کی اسامیاں تخلیق کی گئی تھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں