آزاد کشمیر کی کابینہ میں بڑا سیاسی دھماکہ، وزیر خزانہ عبدالماجد خان اور وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم نے اپنی وزارتوں سے استعفیٰ دے دیا۔ دونوں وزراء نے مشترکہ پریس کانفرنس میں استعفے کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر انوارالحق پر سنگین الزامات عائد کیے۔
عبدالماجد خان نے کہا کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مہاجرین کی 12 نشستیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے ذمہ دار خود وزیراعظم انوارالحق ہیں۔ ان کے بقول، موجودہ حالات میں حکومت کے ساتھ چلنا ممکن نہیں، کیونکہ وزیراعظم کے ساتھ مزید تعاون ریاست کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ دوسری جانب، چوہدری اکبر ابراہیم نے وزیراعظم پر حکومتی امور مفلوج کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے دروازے بند کر دیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی کئی مہینوں تک اہم فائلیں دبائے رکھی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “ایکشن کمیٹی نے آج تک وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کیوں نہیں کیا؟ میں وزیراعظم انوارالحق کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتا ہوں۔”
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں