آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں آئی ایس آئی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے منسلک 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بین الستوراتی انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک مشترکہ اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ سے منسلک پانچ مبینہ کارندوں کو گرفتار کر کے تخریب کاری کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر مظفرآباد کے علاقے ‘چہلہ’ میں ایک انتہائی ٹارگٹڈ آپریشن کیا، جس کے دوران ان پانچ ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے ابتدائی طور پر لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور دیگر مواصلاتی آلات برآمد ہوئے جن کی ابتدائی تحقیقات سے حساس نوعیت کا مواد اور مشکوک روابط سامنے آئے۔
دورانِ تفتیش ایک ملزم کی نشاندہی پر چھپایا گیا اسلحہ کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا گیا، جس میں 7 خودکار ہتھیار، متعدد دستی بم (گرینیڈز) اور دیگر جنگی سامان شامل ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے آزاد کشمیر کے انتہائی حساس مقامات، تنصیبات کے نقشے اور مبینہ حملوں کے منصوبے کی دستاویزات اور ریکارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دشمن خفیہ ایجنسی کے ساتھ مبینہ رابطوں کے ٹھوس شواہد تحقیقات کا حصہ بنا لیے گئے ہیں، جبکہ برآمد شدہ موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کا فرانزک اور تکنیکی تجزیہ کیا جا رہا ہے۔
تفتیش کار اس نیٹ ورک کے ممکنہ سہولت کاروں، مالی معاونت (ٹیلر فنڈنگ) کے ذرائع اور دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھان بین کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق، اس بروقت کارروائی سے حساس تنصیبات اور عوامی سلامتی کو ایک بڑے ممکنہ خطرے سے محفوظ بنا لیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






